کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیر کاشف سعید شیخ نے کہا کہ فارم 47 کی بھی 9 مئی کی طرح تحقیقات کی جائے تو دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے گا، فراڈ الیکشن کے ذریعے جعلی حکومت بنادی گئی جس سے ملک و قوم کی بھتری کی امید فضول ہے ،گندم اسکینڈل پوری قوم کے سامنے ہے، یہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ عوامی حمایت سے فارم45کے مطابق جیتنے والیپارلیمنٹ سے باہر دردرکے دھکے کھارہے ہیں جبکہ فارم47کے تحت جتوائے گئے پارلیمنٹ میں بیٹھے مزے کر رہے ہیں۔اسمبلی سے لیکر ایوان صدر تک خریدنے و بیچنے کے سیاستدانوں کے الزامات لمحہ فکریہ ہیں یہ حالات ملک کو آگے نہیں پیچھے لے جائیں گے۔ اسٹیبلشمینٹ نے ماضی سے سبق نہیں سیکھاتو پھر ملک قوم ان کو مزید معاف نہیں کریگی۔
انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات کی پوری قوم نے مذمت کی ہے پاک فوج اور قومی املاک کو نقصانات پہنچانے والے عمل کی کوئی بھی محب وطن شہری حمایت نہیں کرسکتا تاہم فوج سمیت تمام اداروں کوآئین کے مطابق اپنے اپنے دائرے حدود میں رہ کر کام کرنا پڑے گا۔ پاکستان کے 2024 میں ہونے والے انتخاب میں ھارنے والوں سے جیتنے والے زیادہ پریشان لگ رہے ہیں جوکہ چورکی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے۔ اس لئے سب کو اپنی اپنی آئینی پوزیشن پر واپس جانا پڑے گا اور فارم 47 کی 9 مئی کی طرح تحقیقات کرکے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے۔