سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں کرونا وائرس سے مزید5 شہری جاں بحق ہوگئے ہیں اس طرح کرونا وائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 4647ہوگئی ہے۔
پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 72041 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 56مسافروں سمیت 4354افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد4لاکھ 24ہزار 85ہوگئی ہے۔ اس دوران کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ جموں میں تین اور وادی میں دو افراد کرونا سے جاں بحق ہوگئے ہیں ۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر پر قابو پانے کیلئے کورونا لاک ڈائون شروع ہوگیا ہے ۔لاک ڈائون کی وجہ سے کاروباری و تجاری سرگرمیاں مانند پڑ گئیں اور ٹرانسپورٹ کاپہیہ جام ہوگیا۔وادی میں جمعرات کو کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے ایک روز بعدہی جمعہ کو بعد از نماز قریب 2بجے ایک بار پھر کاروباری و تجارتی سرگرمیاں بند ہوئیں۔
سری نگرسمیت سبھی 10 اضلاع کے ضلعی وتحاصیل صدرمقامات پرلاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے اعلان کیاگیاکہ تاجر اپنی دکانیں ودیگرتجارتی مراکز فورابند کرکے گھروں کوچلے جائیں اعلانات کے بعدسرینگرسمیت پوری کشمیرمیں تمام بازار سنسان ہوگئے اورسڑکوں پرنجی ومسافر ٹرانسپورٹ کی نقل وحرکت بھی کم ہوتے ہوئے شام تک بند ہو گئی ۔