ریاستی اداروں،سندھ پولیس اور حکومت کی ناکامی کے نتیجے میں سندھ میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ کاشف سعید شیخ

کراچی( صبا ح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے قائم مقام امیرکاشف سعید شیخ نے گھوٹکی کے کچے میں بدنامہ زمانہ ڈاکو گروہ ثناء اللہ عرف ثنو شر کیخلاف پنجاب پولیس اور کلپربگٹی قبیلے کی جانب سے جاری کاروائی پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی مسلسل سولہ سال سے جاری سندھ حکومت میں آج کراچی تا کشمور پورا صوبہ ڈاکوراج اور گینگسٹرز کے حوالے ہوچکا ہے، ظالم وڈیروں، سرداروں اور پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کی سرپرستی میں مٹھی بھر جرائم پیشہ افراد نے سندھ کے 07کروڑ سے زائد عوام کو یرغمال بنارکھا ہے، سندھ میں ہر قسم کے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے جرائم کی بیخ کنی اور مکمل امن امان بحال کیا جائے۔

انہوں نے  ایک بیان میں مزید کہا کہ جلال کلپر بگٹی کی قیادت میں جدید اسلحے سے لیس بگٹی قبیلے کی جانب سے گھوٹکی کے کچے میں ڈاکووں کیخلاف کاروائی سے کچے میں موجود لاکھوں بے گناہ لوگ سخت پریشانی کا شکارہیں،بگٹی قبیلے کی جانب سے کی گئی کاروائی میں دوافراد زخمی اور دو ڈاکووں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، سندھ حکومت، ریاستی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کاروائی پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، سندھ پولیس کی ناکامی کی وجہ سے سندھ میں خانہ جنگی کا ماحول پیدا ہوچکا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری وزیراعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ،آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز پر عائد ہوتی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے کچے میں ڈاکووں کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کے دعووں کے بعد ضلع کشمور، شکارپور،سکھر، جیکب آباد اور گھوٹکی کے حالات مزید ابتر ہوچکے ہیں گذشتہ دن بھی سکھر سے باپ بیٹے سمیت مزید تین افراد اغواہوچکے ہیں جس کے بعد سکھر سے اغواہونے والوں کی تعداد 09ہوچکی ہے۔

سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سستی، نااہلی کی وجہ سے اب لوگوں نے خود اسلحہ اٹھاکر ڈاکووں کیخلاف جنگ شروع کردی ہے ،سردار جلال کلپر بگٹی کے بیٹے کو کچھ عرصہ قبل سکھر ملتان موٹروے پر ڈاکووں کی فائرنگ سے شہید کیا گیا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے بگٹی قبیلے نے گھوٹکی کے کچے میں کاروائی شروع کی جو ناقابل قبول ہے، قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی مثال سے دیگر قبائل کو بھی ایسا کرنے کی جرئت ہوگی اور سندھ واناوزیرستان اور حالات پہلے سے بھی بدتر ہوجائیں گے۔ صوبائی رہنمائ نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں مستقل بنیادوں پر امن امان قائم کرنے،ڈاکو ثنااللہ شرٹولے سمیت تمام جرائم پیشہ افراد ،ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹھڑے میں لایا جائے تاکہ سندھ میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا نہ ہوسکے۔