واہ کینٹ (صباح نیوز)ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے گورننس کو ٹھیک کرنا ازحد ضروری ہے، حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق کی فضا قائم کئے بغیر سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آ سکتا، چین کی کامیابی کا واحد راز کرپشن پر سخت سزائیں دینا ہے، پاکستان سٹیل مل کو منافع بخش ادارہ چھوڑ کر آیا تھا۔
اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ دکھ کی بات ہے کہ گورننس کیلئے اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کیا جاتا ہے حالانکہ فوج کا کام سیاست اور حکومتیں چلانا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ملک کو درپیش معاشی بحرانوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام بزنس کرنا نہیں ہوتا بلکہ ملک میں ایک ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہوتا ہے جس میں تاجر کاروبار کر سکیں، سٹیل مل سمیت دیگر ادارے نجی شعبے کو دینے میں کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹیل مل ایک منافع بخش ادارہ تھا تاہم یہ سیاست کی نذر ہو گیا جس کی وجہ سے آج یہ خسارے کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے مجھے اختیارات دیئے تھے جس کی وجہ سے سٹیل مل منافع بخش ادارہ بنا لیکن سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے نجکاری کا منصوبہ بنا کر اسے تباہ کر دیا۔