پنجاب حکومت نے اسکولوں کا شیڈول جاری کر دیا


لاہور (صباح نیوز)وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے لاہور اور راولپنڈی کے اسکولوں کا شیڈول جاری کر دیا۔وزیر تعلیم نے بیان میں کہا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے چھٹی جماعت تک کے 50 فیصد طلبہ کو اسکول بلایا جائے گا جب کہ دونوں اضلاع میں 7ویں سے12ویں کے طلبہ کی کلاسز شیڈول کے مطابق ہوں گی۔

وزیرتعلیم نے کہا کہ فیصلے کا اطلاق15 فروری 2022 تک لاہور اور راولپنڈی میں ہو گا۔کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کو ہر ممکن یقینی بنایا جائیگا۔علاوہ ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)نے کورونا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پابندیوں میں توسیع کی منظوری دی ہے۔

تعلیمی شعبے کے لئے پابندیاں وسط فروری تک برقرار رکھنے اور 10فیصد شرح سے کم والے شہروں میں اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یکم فروری سے 12سال سے زائد عمر طلباکی ویکسینیشن لازم ہو گی، ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کا عمل جاری رہے گا اور کورونا ٹیسٹنگ کے نتائج کی بنیاد پر تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ ہو گا