توڑ پھوڑ، احتجاج کا کیس: علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع


اسلام آباد(صباح نیوز)انسداد دہشتگری عدالت اسلام آباد نے توڑ پھوڑ اور احتجاج کے کیس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کردی ہے۔

کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ اس موقع پر علی امین گنڈا پور اپنے وکیل راجا ظہور الحسن کے ہمراہ انسداد دہشت گری عدالت میں پیش ہوئے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ میں بار بار پوچھ رہا تھا کہ علی امین گنڈا کی طرف سے کوئی موجود ہے۔ علی امین گنڈا پور نے موقف اختیار کیا کہ 6 مئی کو پشاور میں ایک میٹنگ ہے، وہاں جانا ضروری ہے، اگر 6 مئی کی تاریخ رکھنی ہے تو حاضری سے استثنی دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے اس دن دیکھ لیجئے گا اگر ممکن ہوا تو آجائیں گے، ورنہ حاضری سے استثنی دے دیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت بھی 29 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں درج غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔ علی امین گنڈا پور اپنے وکیل راجا ظہور الحسن ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ شہادت مکمل ہے بس گاڑی پیش کر دیں، جس پر وکیل راجا ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے کہا کہ ہم گاڑی پیش کر دیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔