لاہور،ضلعی انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ، تندورمالکان نے ہڑتال موخر کر دی


لاہور (صباح نیوز) لاہور میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد تندور مالکان نے ہڑتال موخر کردی۔

ذرائع کے مطابق شہر بھر کے 15 ہزار تندور مالکان نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد بدھ کو شروع ہونے والی ہڑتال موخر کردی ۔تندور مالکان نے مذاکراتی ٹیم کے سامنے آٹے میں سبسڈی کا مطالبہ رکھا اور کہا کہ 20کلو آٹے کا تھیلا 1700روپے میں دیا جائے۔مذاکراتی ٹیم نے کہا کہ تندور مالکان کا مطالبہ حکومت پنجاب کے سامنے رکھیں گے۔تندور مالکان نے دعویٰ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مان گئی جس کے بعد روٹی 16اور نان 25روپے میں فروخت ہوگا، تاہم ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ روٹی 16روپے اور نان 20روپے میں فروخت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے متنبہ کیا ہے کہ روٹی اور نان زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، جبکہ نان بائی ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر وحید عباسی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو مطالبات کی منظوری کے لئے وقت دے دیا ہے۔