سٹاک مارکیٹ میں ایک اور تاریخ رقم، 72 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور

کراچی (صباح نیوز)نئی حکومت کی تشکیل کے بعد کاروباری طبقے کا اعتماد بحال ہوا ہے، سٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس ایک اور تاریخ رقم کرتے ہوئے 72 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور کرگیا۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز سٹاک مارکیٹ کا آغاز مثبت زون میں ہوا، سٹاک مارکیٹ میں 692 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد 100 انڈیکس 72 ہزار 51 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔ اچھے مالیاتی نتائج، شرح سود میں ممکنہ کمی اور مثبت معاشی اشاریوں کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں انڈیکس نئی بلند سطح پر پہنچ گیا۔غیرملکیوں کی سیمنٹ بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں خریداری سرگرمیوں سے کاروباری دورانیے میں ایکسچینج میں بد ھ کو 728پوائنٹس کی تیزی آگئی جس کے نتیجے میں ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس نے 72000پوائنٹس کی سطح عبور کرلی۔

کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 72087پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا۔آئی ایم ایف کے ساتھ جاری مثبت بات چیت اور سعودی عرب کی جانب سے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے سلسلے میں پیش رفت کے دوران سرمایہ کاروں کا مارکیٹ پر اعتماد بحال ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے نئے ریکارڈز قائم ہو رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ریئل اسٹیٹ میں ٹیکسز میں اضافہ کرتی ہے تو سرمایہ کاروں کا اسٹاک مارکیٹ میں رجحان بڑھے گا اور KSE-100 2025 میں 100کو عبور کرلے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر  پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 74 پوائنٹس کی کمی کیساتھ 71 ہزار 359 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا