بھارت نے ہمیشہ جعلی اور نام نہاد انتخابات کے نام پر کشمیری عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ٹی ایل ایف

سری نگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے خلاف برسرپیکار عسکری تنظیم دی لبریٹرز فرنٹ(ٹی ایل ایف ) نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کے پارلیمانی انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ جعلی اور نام نہاد انتخابات کے نام پر کشمیری عوام کو دھوکہ دیا ہے اور بھارتی آئین کے تحت مقبوضہ ریاست میں ایسے انتخابات کبھی کشمیریوں کے حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے ، اپنے جاری بیان میں ترجمان ٹی ایل ایف عامر محمود نے کہا کہ جموں وکشمیر یواین قرارداوں کے مطابق ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت دس لاکھ کے قریب اپنی ظالم افواج کے ذریعے وہاں قابض ہے ،ایک متنازعہ علاقے میں بھارتی آئین کے تحت الیکشن یواین قراردادوں سمیت دیگر عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ، انہوں نے کہاکہ بھارت نے پہلے بھی ریاست میں الیکشن کے ڈرامے رچائے اور الیکشن کے نام پر کشمیری عوام کو دھوکہ دیا ،ان کے حقوق پامال کئے ،کشمیری عوام کا ایسے الیکشن سے بھروسہ اٹھ چکا ہے اور وہ کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بن سکتے تاہم مودی سرکا ر فوجی طاقت کے زور پر کشمیریو ں کو ایسے عمل کاحصہ بنانے کی کوشش کررہی ہے ،

ترجمان نے واضح کیا پہلے بھی کشمیریوں نے ایسے نام نہاد الیکشن کو مسترد کردیا اور اب بھی وہ ایسے الیکشن عمل کے خلاف ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت اگر واقعی جموں وکشمیرمیں کشمیریوں کی رائے جاننا چاہتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اپنی افواج واپس بلاکر اقوام متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری کرائے، کشمیری اس رائے شماری میں جوبھی فیصلہ کریں گے وہ بھارت کو تسلیم کرنا چاہیے، دی لبریٹرز فرنٹ کے ترجمان نے کہاکہ ایسے نام نہاد الیکشن کے ذریعے بھارت دنیاکو گمراہ نہیں کرسکتا اور نہ ہی ایسے الیکشن کشمیریوں کے حق خودارادیت کا نعم البدل ہو سکتے ہیں۔کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے جدوجہد کررہے ہیں اور اس جدوجہد میں مالی جانی سمیت ہر طرح کی مثالی قربانی دے رہے ہیں،کشمیریوں نے ایسے کسی الیکشن کے لئے اپنی قربانیاں نہیں دی ہیں اور نہ ہی وہ کسی کو بھی ان قربانیوں پر سیاسی محل تعمیر کرنے کی اجازت دیں گے ،انہوں نے کہاکہ کشمیری مجاہدین اپنے عوام کی بھرپور مدد اور حمائت سے بھارت کے خلاف اپنی جدوجہد اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک بھارت کشمیر سے بھاگنے پر مجبور نہیں ہو جاتا ہے ، عامر محمود نے بھارتی فوجی ظلم وتشد د کے خلاف کشمیریوں کے عز م کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔