190 ملین پاؤنڈز ریفرنس: عمران خان، بشری بی بی کیخلاف مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند،2 گواہوں پر جرح مکمل سماعت 29 اپریل تک ملتوی

راولپنڈی (صباح نیوز)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند کر لیے گئے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت کی، اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی، وکلا عثمان گل اور ظہیر عباس عدالت پیش ہوئے۔دوران سماعت 190 ملین پاونڈز ریفرنس میں مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند اور 2 گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی۔

واضح رہے کہ اب تک ریفرنس میں مجموعی طور پر 21 گواہوں کے بیان قلمبند اور 15 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پانڈز ریفرنس پر سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد ازاں بانی پی ٹی ائی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت، قانون کی بالادستی اور صاف شفاف الیکشن پر کھڑی ہوتی ہے، پنجاب کے ضمنی الیکشن میں پولیس نے مداخلت کی، خیبر پختونخواہ میں بھی الیکشن ہوئے، پولیس نے کہیں کوئی ایف آئی آر نہیں کاٹی اور نہ ہی دھاندلی ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں کوئی جمہوریت نہیں، اکتوبر سے فروری تک انتخابات صرف پی ٹی آئی کو کرش کرنے کے لیے ملتوی کیے گئے، ملک میں اخلاقیات کو ختم کر کے اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا، پنجاب کا الیکشن پہلے سے پلان تھا، ملک میں ادارے آئینی طور پر نہیں چل رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کریں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی،

مستحکم حکومت کے لیے جمہوریت ضروری ہے جو صرف شفاف انتخابات کے ذریعے ممکن ہے، ملک کا موجودہ سیٹ اپ پاکستان کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہا ہے۔انہوں نے باور کروایا کہ مجھ سے ڈیل کی نہ کسی نے کوئی بات کی نہ کوئی پیغام آیا، سوال یہ ہے کہ وہ مجھ سے کس بات پر ڈیل کریں گے، 8 فروری کو جب پبلک ایک طرف کھڑی ہو گئی تو وہ وقت تھا بات کرنے کا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میری بیوی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اسے سزا دلوا کر ایک کمرے میں بند کر دیا گیا ہے، میری تینوں بہنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، مریم نواز اور بے نظیر سیاست میں تھی میری اہلیہ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ، ہمارے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات اچھے تھے اسی لیے ہمارے دور میں او آئی سی فارن منسٹر کانفرنس ہوئی۔