پاکستان میں سرمایہ کاری کم ہونے کی وجہ سے فی کس آمدنی میں کمی ہورہی ہے،یوسف رضا گیلانی


اسلام آباد(صباح نیوز) چیئر مین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کم ہونے کی وجہ سے فی کس آمدنی میں کمی ہورہی ہے، انتخابات کے بعد سیاسی طاقتوں کے درمیان اختلاف موجود ہیں جس کو ختم کرنے کے لئے مذاکرات شروع کرنا ہونگے۔

لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اہم چیلنجز میں سکیورٹی،اندرونی اور علاقائی مسائل ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایک دہائی تک لڑنے کے بعد میں یہ بات کر رہا ہوں، دہشت گردی کے بعد دیگر جرائم بڑا مسئلہ ہے،غزہ میں جاری جنگ کو بند کرانا دنیا کی سب سے اہم ترجیح ہونا چاہیے، افراط زر ملکی تاریخ میں سب سے بلند سطح پر ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے فی کس آمدنی میں کمی ہورہی ہے۔ پاکستان کو ماحولیاتی میدان میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے ،سیلاب، بارشیں، بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور دیگر مسائل سے مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ پاکستان نے ادویات سازی میں ایف ڈی اے اور عالمی ادارہ صحت کے معیارات کو لاگو نہیں کیا جس کی وجہ سے ادویات کی برآمدات 400 ملین ڈالر سے زائد نہیں ہے۔ جبکہ بھارت 28 ارب اور بنگلہ دیش 4 سے 5 ارب ڈالر کی برآمد کرتا ہے۔