پاکستان میں ایک ماہ میں 26 کروڑ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ


کراچی(صباح نیوز) پاکستان میں دو سال بعد ایک ماہ میں پاکستان میں 26 کروڑ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 22 ماہ بعد ایک ماہ میں پاکستان میں 26 کروڑ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی گئی۔ مارچ 2024 میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری میں ماہانہ بنیاد پر 100 فیصداضافہ دیکھا گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے9 ماہ میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کا حجم ایک ارب10کروڑ ڈالر رہا، ہانک کانگ کی پاکستان میں سرمایہ کاری46فیصدبڑھ کر26.4کروڑڈالرتک پہنچ گئی۔

چائناکی پاکستان میں سرمایہ کاری53فیصد کم ہوکر26.2 کروڑ ڈالر رہی،9ماہ میں برطانوی انویسٹمنٹ 3 فیصد کمی کے ساتھ 20 کروڑ رہی، امریکی انویسٹمنٹ 25 فیصد کمی کے ساتھ10کروڑ ڈالررہی۔ 9ماہ میں نیدرلینڈ کی سرمایہ کاری306فیصد بڑھ کر6.7 کروڑ ڈالر ہوگئی۔