ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا دورہ لاہور،مزار اقبال پر حاضری


لاہور (صباح نیوز)ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے اور مزاراقبال پر حاضری دی ۔لاہور آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔اس کے علاوہ صوبائی وزرا مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یسین، خواجہ سلمان رفیق، چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب،لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر اس موقع پر موجود تھے ،ایرانی صدر نے صوبائی وزراء اور سرکاری افسران سے مصافحہ کیا ۔

ایران کے صدرابراہیم رئیسی نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں نے پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی،ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیا،بعدازاں انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔مزار اقبال پر میڈیا سے گفتگو میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ علامہ اقبال نے امت مسلمہ کو نئی راہ دکھائی، جیسے آپ کو اپنی قوم پر ناز ہے ویسے ہمیں بھی اپنی قوم پر ناز ہے، ہمیں اپنے مجاہدین پر بہت زیادہ ناز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سپریم لیڈر بھی یہی کہتے ہیں اس جنگ میں غزہ اور فلسطین والے جیتنے والوں میں سے ہوں گے، اس جنگ میں تباہی صیہونیوں اور اسرائیلیوں کی ہوگی، غزہ سے متعلق اصولی موقف پر پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں آکر اجنبیت کا بالکل احساس نہیں ہوا، خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتا۔ایرانی صدر کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔