وزیر اعظم اور ایرانی صدر نے تفصیلی بات چیت میں غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ، دفتر خارجہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے پیر کو یہاں دو طرفہ اور علاقائی امور پر تفصیلی بات چیت کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے وسیع پیمانے پر دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے خاص طور پر تجارت، توانائی، رابطے، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے غزہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فوری اور غیر مشروط جنگ بندی، محاصرہ ختم کرنے اور غزہ کے لوگوں کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کے لئے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام اور ان کے جائز حقوق کے لئے ایران کی واضح اور اصولی حمایت پر ایرانی قیادت کو سراہا۔