تحریک انصاف کا ضمنی الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کردیا ہے تحریک تحفظ آئین پاکستان فیصل آباد سے جلسوں کا آغاز کرے گی۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف  بیرسٹر گوہر خان نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب ،چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکالا گیا پنجاب پولیس حکومت کے ماتحت ہے, الیکشن کے پراسس میں پولیس کوئی بھی رخنہ نہ  ڈالے مگر  وہ گھناونے جرم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان صاف شفاف انتخابات کروانے میں ناکام رہا ہے

ایک پولنگ اسٹیشن پر ہمارے امیدوار کے والد نے کہا کہ ابھی ووٹنگ کا وقت شروع نہیں ہوا مگر ووٹ پہلے ہی ڈلوا دئیے گئے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ یہ کونسے ملک میں ہوتا ہے جمہوریت آئین قانون اس ملک میں معطل ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ان لوگوں کے نوٹیفکیشن نہ نکالیں جائے جو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ مار کر جیتے ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل الیکشنز میں ہم نے اس معاملے کو سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے سامنے بھی رکھا تھا ہمیں بتایا جائے کہ اب تک ایسے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہے جس سے دھاندلی کو روکا جاسکے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ کل جو الیکشن ہوا یہ الیکشن نہیں ایک ڈھونگ رچایا گیا اور پاکستان کی عوام کے ٹیکس کے پیسے کو ضائع کیا گیا اور جس طرح سے بدترین دھاندلی کی گئی وہ پوری قوم نے دیکھا، کیونکہ فارم 47 کی پیداوار جو موجودہ حکومت ہے وہ یہ نہیں چاہتے کہ الیکشنز صاف شفاف ہو اسی لئیے انہوں نے یہ ہتھکنڈے اپنائے۔ چوبیس گھنٹے قبل انٹرنیٹ سروسز بند کردی گئیں اور پورے پنجاب میں کھلم کھلا دھاندلی ہوئی، انہوں نے کہا کہ باجوڑ کے ایک ریٹرننگ افسر نے خط لکھا جس میں کہا کہ انٹیلیجنس ایجنسی کے لوگ آئے جنہوں نے ہمیں مارا زدو کوب کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسرا خط چھ ججز والا بھی یاد رکھیں جس میں انٹیلیجنس ایجنسیوں کے لوگوں کی جانب سے ان کو ہراساں کرنے کا بتایا گیا،

کل میڈیا کے لوگوں کو پنجاب پولیس نے اٹھایا اور ان کو مارا گیا اور اس پر پولیس کے ہی لوگوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی وردی میں ایجنسیوں کے لوگ ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط پر ابھی تک کوئی سنجیدہ ردعمل نہیں آیا یہ بات واضح ہے جس طرح خفیہ اداروں کے لوگوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز، لوئر جوڈیشری پر دبا ؤڈالا کہ آپ عمران خان، بشری بی بی، شاہ محمود قریشی چوہدری پرویز الہی، ہماری خواتین جو قید ہے انکے خلاف فیصلہ دیں۔عمر ایوب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے پنجاب میں کھلم کھلا دھاندلی ہوئی  شہباز شریف کی جگہ الیکشن لڑنے والا اس سے زیادہ ووٹ لے گیا  جعلی الیکشن والو نقل کے لیے بھی عقل چاہئے ۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب  نے 26 اپریل بروز جمعہ کو پورے ملک میں صوبائی حلقوں میں بعد نماز جمعہ احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل ہمارے سامنے گجرات میں نیوز چینلز کے کیمرہ مین اور رپورٹر کو گھسیٹ کر جس طرح بے دردی سے پنجاب پولیس نے گرفتار کیا اور ان پر تشدد کیا پوچھنے پر ہمیں بتایا گیا کہ پولیس کی وردی میں ایجنسیز کے لوگ پھر رہے ہیں ۔گرفتاریاں وہ لوگ کررہے ہیں درندگی اور لاقانونیت کی ہر حد پار کرچکے ہے یہ لوگ کل مجھے اور بیرسٹر گوہر کو پولیس کی جانب سے متعدد بار گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی اور پولنگ اسٹیشن کے اندر ہمیں نہیں داخل ہونے دیا گیا۔

عمر ایوب نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان فیصل آباد سے جلسوں کا آغاز کرے گی اس کے بعد پانچ مئی کو ہمارا جلسہ کراچی میں ہوگا،پنجاب، اندرون سندھ خیبرپختونخوا میں بھی جلسے ہونگے اس جمعے پورے پاکستان میں صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر ہمارے امیدوار ہمارے منتخب نمائندوں کا ایک بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں جتنی بھی انٹیلیجنس ایجنسیز کام کرتی ہیں ان سب کے سربراہان کو سامنے آ کر انتخابات اور عدالتی امور میں مداخلت پر معافی مانگنی چاہیئے۔ چھ ججز کے
خط اور باجوڑ ریٹرننگ آفیسر کے خط پر ان سربراہان کا سامنے آ کر معافی مانگنا بنتا ہے۔کل ہونے والے ضمنی الیکشنز میں بدترین دھاندلی اور اگلے لائحہ عمل اور احتجاجی تحریک کے حوالے سے سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم آئین و قانون کے اندر رہ کر پنجاب سے تحریک کا آغاز کرنے جارہے ہیں،تحریک کے ذریعے کچے اور پکے کے ڈاکوں کا احتساب کریں گے۔انہوں نے کہا کہکل والے الیکشن کو الیکشن کہنا بھی الیکشن کی توہین ہے جس طرح کل آر اوز سے زبردستی نتائج لیے گئے۔ پریزائیڈنگ افسران سے زبردستی فارم 45 پر دستخط لیے ان پر تشدد کیا گیا ،گورنر ہاؤس میں لوگوں کو پیسے دینے کی ویڈیو بنائی گئی اس کی مزمت کافی نہیں۔

سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن،حکومت پنجاب ان کے اوپر غداری آرٹیکل 6 کی ایف آئی آرز ہونے چاہیے اس طرح آئین پاکستان کا کھلم کھلا مزاق تاریخ میں نہیں اڑایا گیا ہم ان الیکشن کو ہم ان نتائج کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے حوالے سے واضح ہدایات دی ہیں فیصل آباد کا جلسہ پنجاب میں تحریک کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک بات واضح کردیں پنجاب کا جو آئی جی ہے ہم اس بدمعاش کا آئین و قانون کے ذریعے احتساب کریں گے ،اس آئی جی کی سربراہی میں جس طرح آئین و قانون کی پامالی ہوئی اس کی مثال نہیں ملتی۔صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہکل الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں پنجاب حکومت نے جِس ننگی جارحیت، بیشرمی اور بیحیائی کا مظاہرہ کیا، ہمارے پاس اسکی مذمت کرنے کے الفاظ بھی موجود نہیں۔انکا کہنا تھا کہ سیاستدانوں نے ٹھیکہ نہیں اٹھایا ہوا کہ ہمیشہ غداری، بغاوت اور آرٹیکل 6 کا استعمال انہی کے خلاف ہو، موجودہ الیکشن کمیشن اور حکومت کیخلاف بغاوت کی ایف آئی آرز ہونی چاہیئں، کیونکہ آئینِ پاکستان کااِتنا کھلم کھلا استحصال ماضی میں کبھی نہیں ہوا۔