احتساب عدالت ،بشریٰ بی بی کا اینڈو اسکوپی ٹیسٹ 2 روز میں کروانے کا حکم

راولپنڈی (صباح نیوز) راولپنڈی کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی طبی معائنے سے متعلق درخواستیں منظور کر لیں،عدالت نے بشریٰ بی بی کا اینڈو سکوپی ٹیسٹ 2 روز میں کروانے کا حکم دیدیا ۔ راولپنڈی میں واقع اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس پر سماعت ہوئی۔کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے کی۔ عدالت نے دورانِ سماعت بشریٰ بی بی کا اینڈو سکوپی ٹیسٹ نجی ہسپتا ل سے 2 روز میں کروانے کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے حکم دیا ہے کہ بشریٰ بی بی کا اینڈو سکوپی ٹیسٹ ڈاکٹر عاصم یونس اور سرکاری ڈاکٹر کے زیرِ نگرانی کروایا جائے۔جج ناصر جاوید رانا نے عدالت میں نصب اضافی دیواریں بھی فوری ختم کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جب تک دیواریں ہٹائی نہیں جاتیں سماعت آگے نہیں بڑھے گی۔عدالتی حکم کے بعد سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ لیا گیا۔پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے   دوران سماعت میڈیا کو مشکلات سے متعلق درخواست دائر کر دی۔اس پر جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلالیا۔صحافیوں نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں۔جج ناصر جاوید رانا نے جیل انتظامیہ کو اقدامات کرنے کی ہدایت جا ری کی۔بعد ازاں عدالت نے 190 ملین پائونڈ ریفرنس پر سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔