صدرووزیراعظم کی کراچی کے علاقے لانڈھی میں خود کش دھماکے کی مذمت


 اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خود کش دھماکے اور فائرنگ کی مذمت کی ہے ، پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہا ہے

ایوان صدر کے پریس وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچالیا۔ صدر نے کہا کہ پوری قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی اور شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے خود کش دھماکے کی مذمت کی اور  زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے ۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاکہ پولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے ۔وزیراعظم نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر مذموم کارروائی کو ناکام بنائیں گے۔