کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے90 دن میں پورا کر دیا تھا،عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کا وعدہ پہلے90 دن میں پورا کر دیا تھا موجودہ دور حکومت میں کوئی مالی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ ،صحت کارڈ اور شہبازشریف کے خلاف کیسز پر گفتگو کی گئی۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں مالی کرپشن کا ذکر نہیں، قانون کی حکمرانی سے متعلق معاملات کوسا منے لایاگیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کاوعدہ پہلے90دن میں پوراکردیاتھا موجودہ دورحکومت میں کوئی مالی اسکینڈل سامنے نہیں آیا سابقہ ادوارمیں پاناماجیسے بڑے اسکینڈل سامنے آتے رہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہبازشریف کے کرپشن کیسز کو مزید اجاگر کیا جائے عوام کوبتایاجائے شریف خاندان نے کیسے منی لانڈرنگ کی۔ترجمانوں کو صحت کارڈ جیسی سہولت پر عوام کو آگاہ کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو بہترین معاشی اشاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیاجائے عوام کوعالمی اداروں کی معیشت پر رپورٹس کابھی بتایا جائے کوئی بڑا واقعہ رونمانہ ہواتومعیشت مزید بہتر ہوگی۔