نیٹو ممالک یا یورپ پر حملہ نہیں کریں گے، امریکا اور اس کے حواری روس سے خوفزدہ ہیں، پیوٹن


ماسکو(صباح نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ پولینڈ، بالٹک ریاستوں یا چیک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، روس نیٹو ممالک یا یورپ پر حملہ نہیں کرے گا۔

روسی فائٹر پائلٹوں سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن کا کہنا تھا کہ امریکا اور اس کے حواری بڑے اور مضبوط روس سے خوفزدہ ہیں، وہ جو کر رہے ہیں یہ سب بے کار جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پولینڈ ، بالٹک ریاستوں یا چیک کے خلاف روس کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں، نہ ہی نیٹو ممالک یا یورپ پر حملہ کریں گے، دھوکا دہی کی باتیں کرنے والے دفاع کے نام پر اپنی عوام سے اضافی رقم بٹورنا چاہتے ہیں۔

پیوٹن نے زور دیتے ہوئے روس صرف روسیوں کا ہے جیسے جملے بولنے والوں کو بھی خبردار کیا کہ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ روس کئی قومیتوں اور مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم اور یہودی بھی دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی طرح ہمارے بھائی ہیں، جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ یہاں روسیوں کے علاوہ باقی سب اجنبی ہیں وہ سب سے زیادہ نقصان روسی عوام ہی کو پہنچانا چاہتے ہیں۔