اسلام آباد( صباح نیوز) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان کے نام نہاد یوم جمہوریہ کو کشمیری پوری دنیا میں یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے ،ہندوستان یوم جمہوریہ منا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے جمہوریت کا چمپین کہلانے والا ہندوستان مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے آر ایس ایس کے انتہا پسندانہ عزائم کو آگے بڑھایا جارہا ہے ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت کوئی بھی اقلیت محفوظ نہیں ہے دنیا اپنی آنکھوں پر باندھی پٹی ہٹاکر جموں وکشمیر اور ہندوستان کے اندر ہونے والی ریاستی دہشت گردی پر ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے پیغام میں کیا انہوں نے کہاکہ عالمی برادری ہندوستان کو بڑی معاشی منڈی سمجھ کر اس کے جرائم پر خاموش ہے دنیا کی خاموشی سے شے پا کر ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں خون کی ندیاں بہا رہا ہے اپنے پیدائشی حق مانگنے پر نوجوانوں کو بینائی سے محروم کیا جارہا ہے انسانی حقوق کے نمائندوں کو کالے قوانین کی آڑ میں پابند سلاسل کر رکھا ہے میڈیا کا گلہ گھونٹنے کے لیے سری نگر پریس کلب کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے انسانی حقوق کی کسی تنظیم کو مقبوضہ جموں وکشمیرتک رسائی ممکن نہیں۔
ہندوستان بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑتے ہوئے 50لاکھ سے زائد آر ایس ایس کے انتہا پسند ہندوئوں کو ڈومسائل جاری کر کے ریاست جموں وکشمیر کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرکے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش پر عمل پیرا ہے اقوام متحدہ،او آئی سی ،یورپی یونین اور انسانی حقوق کے ادارے ہندوستان کے جنگی جرائم پر اس کے خلاف کارروائی کریں کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹرکی روشنی میں مبنی برحق حق خودارادیت کی جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں نے ہندوستان کے غاصبانہ قبضے کو ایک لمحے کے لیے بھی تسلیم نہیں کیا صبح آزادی تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے عالمی برادری اپنا دوہرا معیار ترک کرکے کشمیریوں سے کیے ہوئے وعدے کو پورا کرے ۔