سرینگر: کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل (بدھ کو ) بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپرمنائیں گے تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے جار ی غیر قانونی قبضے کیطرف مبذول کرائی جائے گی،یوم سیاہ منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے دی ہے جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر تمام رہنمائوں نے اس کی حمایت کی ہے۔
اس روزمقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی جبکہ آزاد کشمیر ، پاکستان اورمختلف ممالک کے دارلحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ بھارت جس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں کو مقبوضہ علاقے میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ پوسٹروں کے ذریعے کشمیری عوام سے بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقاریب کا بائیکاٹ کرنے اور اپنے گھروں ، دکانوں اور دیگر عمارتوں پر سیاہ جھنڈے لہرانے کی اپیل کی گئی ہے۔
اس حوالے سے مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل پوسٹر آویزاں کئے جارہے ،آزاد کشمیر اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری اقوام متحدہ کے دفاتر اوربھارتی سفارتخانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں گے،جبکہ کشمیری یاداشتیں پیش کریں گے جن میں اقوام متحدہ اور بھارتی حکومت پر زوردیا جائے گا کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے اپنے وعدے پورا کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوںکے مطابق انہیں اپنا حق خود ارادیت دیں،