بھارت کا یوم جمہوریہ منانا جمہوریت اورانسانیت کی توہین کے مترادف ہے، سید صلاح الدین


مظفر آباد(صباح نیوز) متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ بھارت اور اس کے زیر قبضہ مقبوضہ علاقے جنہیں اس کے حکمرانوں نے انسانوں کیلئے ایک جہنم میں تبدیل کیا ہو،وہاں خود ساختہ یوم جمہوریہ کی تقریبات منانا جمہوریت اورانسانیت کے ساتھ ایک مذاق ہے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کو نسل کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ ذات پات اور ہندو بالادستی کے نام پر دلت،عیسائی، سکھ اور مسلمان غیرمحفوظ ہوچکے ہیں۔آئے روز انسانیت اس ملک میں شرمندہ ہورہی ہے اور انسانیت کی اس شرمندگی میں تب سے ہزاروں گنا اضافہ ہوا ہے جب سے فاشسٹ نریندر مودی نے زمام اقتدار سنبھالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست جموں و کشمیر میں سازش کے تحت نہتے شہریوں کو قتل کرکے مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا جارہاہے۔ قابض فورسز کے خلاف حریت پسند عوام کی آواز کو خاموش کرنے کے لئے ہی فوجی قوت کا بے تحاشا استعمال کیا جارہا ہے اور جس کے نتیجے میں آج تک5لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں، لاکھوں لوگ زخمی، ہزاروں معذور، ہزاروں خواتین بیوہ اور لاکھوں بچے یتیم ہوچکے ہیں۔یہ خونین اور افسوسناک سرکاری دہشت گردی کا کھیل ہنوز جاری ہے۔ ہزاروں حریت پسند پرامن شہری جن میں بزرگ، جوان، خواتین اور بچے شامل ہیں، بھارتی زندانوں اور عقوبت خانوں میں شدید مصائب و مشکلات برداشت کرتے ہوئے انتہائی کربناک زندگی گزار رہے ہیں۔

اپنے ناجائز قبضے کو مستحکم کرنے کیلئے پونے 28 لاکھ کنال زرعی، باغاتی، جنگلاتی اور صحت افزا مقامات فوج کی تحویل میں ہیں اور 2019 سے مزید زرعی زمین اور جنگلات کو فوجی تحویل میں لیا گیا ہے۔ ریاست کا مسلم اکثریتی تشخص تبدیل کرنے کی منصوبہ بند کوششیں شد و مد سے جاری ہیں۔ غیر ریاستی باشندوں کو مختلف بہانے بنا کر مقبوضہ علاقے میں آباد کیا جا رہا ہے۔اطلاعات کے مطابق پانچ ملین بھارتی شہریوں کو ریاست کی سٹیٹ سبجیکٹ جاری کی جاچکی ہیں۔ریاستی انتظامیہ اور ایڈمنسٹریٹو سروسز سے مسلمانوں کو بتدریج بے دخل کیا جارہا ہے۔ اسوقت ریاستی انتظامیہ کے کلیدی عہدوں پر غیر ریاستی ہندو براجمان ہیں۔ان حالات میں بھارت کا یوم جمہوریہ منانا جمہوریت اور انسانیت کی توہین کے مترادف ہے۔

آخر کب تک بھارتی حکمران ایسے ڈرامے کرتے رہیں گے اور دنیا کب تک یہ خونین ڈرامے دیکھتی رہے گی۔ جہاد کونسل کے سربراہ نے تاہم اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کفر اور کا فرانہ ریاستیں چل سکتی ہیں لیکن ظلم کی بنیادپر قائم ریاستوں کا وجود نہیں رہ سکتا۔بھارتی ریاست کے حکمران ظلم و جبر کا ہر ہتھکنڈہ استعمال کررہے ہیں۔انشاء اللہ یہی ہتھکنڈے ظلم و جبر کے خاتمے کا باعث بنیں گے۔سید صلاح الدین نے 26جنوری کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس روز بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر ریاست بھر کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پرمنا کر یہ تجدید عہد کریں گے کہ ہم زندہ قوم ہیں اور حصول منزل تک ہم ہر محاذ پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔