الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہورکے زیر اہتمام 100 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم


لاہور (صباح نیوز)الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام 100 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کر دیا گیا ۔راشن کی تقسیم کی تقریب کرامت کالونی کمیونٹی سنٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں خصوصی شرکت صائمہ شبیر صدر الخدمت ٹرسٹ، عظمیٰ محمد علی انچارج کمیونٹی سروسز اور دیگر نے کی۔راشن میں آٹا ،چینی،دالیں ،چاول،گھی،مشروب کھجوریں و دیگر اشیا ء شامل ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صائمہ شبیر نے کہا کہ ماہ رمضان نیکیاں سمیٹنے اور بخشش کروانے کا مہینہ ہے۔اللہ نے خود فرمایا کہ روزہ میرے لئے ہے اور اس کا اجر بھی میں خود دوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کریم نازل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ میں ہمیں اپنی بخشش کروانے کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کر نا چاہیے۔ اس ماہ مبارک میں ہمیں غریب اور نادار افراد اور یتیموں کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے اور ان کی مدد کر کے انہیں بھی رمضان شریف کی برکتیں سمیٹنے کا موقع فراہم کرنا چاہیے جس سے اللہ بھی راضی ہو گا اور ہمارے غریب اور نادار بھائی بہن بھی روضوں کا اہتمام کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت کر کے ہم اپنی آخرت کا سامان کر سکتے ہیں، الخدمت فاؤنڈیشن پورے ماہ رمضان میں مستحقین میں راشن کی تقسیم کو جاری رکھے گا۔انہوں نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اس کا اجر انہیں اللہ دے گا۔