الخدمت وومن ونگ کے تحت لاہورمیں” یہ جہاں ہے تیرے لیے”کے عنوان سے ورچوئل وومن یوتھ گیدرنگ


لاہور( صباح نیوز )الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ کے تحت الخدمت کمپلیکس لاہورمیں الخدمت وومن ورچوئل یوتھ گیدرنگ کا انعقاد کیا گیا۔ یوتھ گیدرنگ کا مقصد خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا اوریہ بتانا تھا کہ وہ اپنے اپنے شعبہ میں رہتے ہوئے کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ کلثوم رانجھا نے کہا کہ الخدمت نے خواتین والنٹیرز کوباصلاحیت، پُراعتماد اوربا ہنربنانے اور انکو اپنی خوبیوں کو پہچاننے اور نکھارنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔

یوتھ گیدرنگ کا سلوگن ” یہ جہاں ہے تیرے لیے”تھا جو کہ مختلف سیشنز پر مشتمل تھی جس میں یہ جہاں ہے تیرے لئے، مثبت رویے اور شخصیت میں نکھار کے عنوانات کے تحت تقاریر اور پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نامور موٹیویشنل سپیکر زبیر منصوری، سی ای او LEAN صدف شاہد،سی ای او امپاورڈ صبا بٹ اور فاطمہ اویس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ ہزاروں افراد نے یہ پروگرام آن لائن دیکھا۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض علینہ ارشد نے سرانجام دیئے۔یوتھ گیدرنگ کے اختتام پر شرکاء کواعزازی شیلڈزا ور اسناد پیش کی گئیں۔