راولپنڈی (صباح نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اہم ارکان کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز ر اولپنڈی کا دورہ کیا علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے عزم کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی وزیراعظم و کابینہ ارکان کا آرمی چیف نے استقبال کیا ۔ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔
وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے عسکری قیادت کے ساتھ قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور فوجی تیاریوں کے امور پر بات چیت کی۔ وزیراعظم کو موجودہ سیکورٹی ماحول،سیکورٹی خطرات سے نمٹنے اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم اور کابینہ کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور قربانیوں کو سراہا اور ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک فوج کے عزم کو سراہا۔
وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ حکومت مسلح افواج کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنانے کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے استحکام میں مسلح افواج کے کردارکو اجاگر کیا ۔
آرمی چیف نے دورے اور فوج پر مکمل اعتماد پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترتی رہے گی اور پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی بھرپور حمایت کرے گی۔اس دورے کے حوالے سے سویلین اور فوجی قیادت نے قومی مفادات کو برقرار رکھنے اور خوشحال اور محفوظ پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔