شہبازشریف سے امریکی سفیر کی ملاقات،وزیراعظم نے امریکی سفیر کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھا دیا

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امریکی سفیر کے سامنے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھا دیا۔ غزہ کے حالات پر بات چیت کی ہے ۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، صحت، دفاع، تعلیم، زراعت اور موسمیاتی تبدیلیوں کے شعبوں میں موجودہ مثبت رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت معیشت کو مستحکم کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے میکرو اکنامک اصلاحات پر توجہ دے گی۔ اس سلسلے میں، انہوں نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جو پاکستان میں ترجیحی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں غزہ اور بحیرہ احمر کی صورتحال، افغانستان میں ہونے والی پیش رفت پر بات چیت شامل ہیں۔

ملاقات میں وزیراعظم نے امریکی سفیر سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا معاملہ بھی پرزور طریقے سے اٹھایا۔ وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ایمبیسیڈر بلوم نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی امید کرتا ہے۔