الیکشن کمیشن نے نوجوانوں،طلبہ میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا


لاہور،گوجرانوالہ(صباح نیوز)الیکشن کمیشن تعلقات عامہ ونگ نے ملک بھر میں عوام الناس، خصوصی طور پر نوجوانوں اور طلبہ کیلئے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے آگاہی مہم کا  آغاز کر دیا۔

اس سلسلے میں گوجرانوالہ میں پریمئیر لا کالج اور یونیورسٹی کالج گوجرانوالہ میں آگاہی پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ووٹر آگاہی پروگرامز میں الیکشن کمیشن کی طرف سے ڈائیریکٹر میڈیا کو آرڈینیشن قراالعین فاطمہ،  ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر گوجرانوالہ محمد ندیم،سینئیرپبلک ریلیشنز آفیسر ھدی علی گوہر اور ڈپٹی ڈائیریکٹر جینڈر افئیرز ما ہم قادر نے طلبہ میں ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ آگاہی پروگرام کے شرکا میں طلبہ کی بڑی تعداد اور اساتذہ بھی شامل تھے۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے موجود افسران نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اس مہم کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو انتخابی عمل، ووٹر رجسٹریشن  اور ووٹ ڈالنے کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ علاوہ ازیں انتخابی عمل میں خواتین، خواجہ سرا، معذور افراد اور اقلیتوں کو بھی شامل کرنا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے بریفنگ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے لئے گئے مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں میں مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد میں موجود صنفی فرق کو بھی ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات لئے ہیں۔ جن میں سے نادرا کے اشتراک سے خواتین شناختی کارڈ اور ووٹر رجسٹریشن مہم پاکستان بھر میں جاری ہے۔ شرکا کو ملک بھر میں جاری انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور ترغیب دی گئی کہ جلد ہی ڈرافٹ انتخابی فہرستیں ڈسپلے سنٹرز پر آویزاں کر دی جائیں گی، لہذہ  عوام الناس اپنے ووٹ کے کوائف کا ضرور جائزہ لیں تاکہ درست اندراج کو یقینی بنایا جا سکے۔

طلبہ کو آگاہ کیا گیا کہ وہ قوم کے معما ر ہیں اور انکی انتخابی عمل میں شمولیت ملک کے مستقبل کیلئے بے حد اہمیت کی حامل ہے۔ ووٹ ایک امانت ہے جس کا صحیح استعمال ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ آگاہی پروگرامز میں طلبا کو الیکشن کمیشن کی آگاہی مہم کا حصہ بنایا گیا اور ترغیب دی گئی کہ وہ آگے اپنے اپنے دائرہ کار میں لوگوں کو ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے آگاہ کریں۔تقریب کے اختتام پر طلبہ میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔