موجودہ حکومت پی ڈی ایم کا فیز ٹو ہے ، مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کو دیانت دار ملک وملت سے محبت کرنے والے ترقی دے سکتے ہیں الیکشن میں دھاندلی ،نتائج تبدیل کرکے عوام کا سیاست ،جمہوریت سے اعتماد اٹھانے کی سازش کی گئی ،جماعت اسلامی عوامی مسائل کو اجاگر اورحل سمیت قومی تعمیر میں اپناکردار ادا کرتی رہے گی اورعوام کی ترجمانی کرتے ہوئے آئینی اور قانونی جدوجہد جارے رکھے گی۔ نوجوان معاشرے کی تقسیم اور زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کے لیے مثبت کردار ادا کریں تاکہ گالم گلوچ کلچر کا خاتمہ ہو ،عدم برداشت کی جگہ برداشت اور ظلم کی جگہ معاشرے میں انصاف قائم ہو۔فلسطین پر مظالم کے حوالے سے مسلم حکمرانوں سپہ سالاروں کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت پی ڈی ایم کا فیز ٹو ہے ، ان کی ترجیحات آئی ایم ایف کی غلامی ، قرضوں کا حصول ،بے روز گاری،مہنگائی اور کرپشن ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم کو ان خاندانی بادشاہتوں، کرپٹ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں سے نجات دلائی جائے۔

جماعت اسلامی ملک میں مضبوط جمہوریت،سول سپریمیسی، قانون کی بالادستی ،میرٹ اور عدل و انصاف پر یقین رکھتی ہے اور اسی کے لئے جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی ایک قومی ویژن کے ساتھ آگے بڑھنے پر یقین رکھتی ہے اور طے شدہ پالیسی کے مطابق اپنے نشان کے تحت پاکستان کی عوام کو یکجا کرکے ایک جمہوری اور کرپشن سے پاک پاکستان بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ کسی بھی قوم کی ترقی کے لیے لائبریریوں اور گرائونڈ کا آباد ہونا لازمی ہے۔ بدقسمتی سے آج ہمارے ملک میں تعلیمی ادارے ،لائبریریاں،لیبارٹریز اور کھیل کے میدان خالی ہیں ۔ تعلیمی اداروں میں مہنگی فیسیں حصول علم میں رکاوٹ ہیں۔ہماری جامعات مقروض ہیں، تعلیمی ادارے مالی خسارے کے باعث اساتذہ کو تنخواہ اور پنشن نہیں دے پاتے۔ ہمارا نوجوان ذہین ہے مگر ملک میں وسائل اور ٹیلنٹ کی قدر نہ ہونے کے باعث بیرون ملک جانے پر مجبور ہے۔ پاکستان کو آگے لے جانے کا واحد راستہ تعلیم کو فروغ دینا ہے، قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنی نسلوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں۔ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو تعلیم کے لیے جی ڈی پی کا پانچ فیصد مختص کرے گی، تعلیم کے حصول میں آسانی کے لیے فیسوں میں کمی کے ساتھ ہر طبقہ کو یکساں مواقع فراہم کریں گے۔، یکساں نظام تعلیم ہوگا تاکہ ایک قوم تیار ہو، ملک میں ایڈوانس ایجوکیشن کو فروغ دے کر پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں میں شامل کریں گے#