وزیراعظم کے مشیر داخلہ واحتساب شہزاد اکبر مستعفی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد اکبر نے لکھا کہ انہوں نے بطور مشیر اپنا استعفی پیش کردیا ہے۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیاد ت میں پارٹی منشور کے مطابق احتساب کا عمل جاری رہیگا، وہ پارٹی کے ساتھ ہیں اور قانونی ٹیم کے ممبر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب اور داخلہ دونوں عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایک نجی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ 18 جنوری کو کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں شیخ رشید نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال اٹھایا تھا جس پر شہزاد اکبر نے نواز شریف کی واپسی کو مشکل قرار دیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان شہزاد اکبر کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں دو ہفتے پہلے ہی استعفی دینے کا اشارہ دیا گیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزاد اکبر کو خود سے استعفی دے کر جانے کا کہا گیا بصورت دیگر وزیراعظم انہیں برطرف کرسکتے تھے۔