بھارت نے یوم جمہوریہ سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیر میں میں پابندیاں سخت کردیں


سرینگر(کے پی آئی )بھارت نے یوم جمہوریہ سے قبل مقبوضہ جموں وکشمیر میں میں پابندیاں سخت کردیں،کشمیریوں کی طرف سے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کے پیش نظرمقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکار تمام سڑکوں، گلی کوچوں اور شاہراہوں کی کڑی نگرانی کررہے ہیں تاکہ نام نہادیوم جمہوریہ کی تقریبات کو کامیاب بنایا جا سکے۔

بھارتی حکام اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے اپنے افسران کو مشترکہ ناکے لگانے اور تمام سڑکوں اور علاقوں کی چیکنگ کو یقینی بنانے اور شاہراہوں پر رات کی گشت تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔قابض حکام نے سرینگر اور جموں کے ان علاقوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیے جہاں 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریبات منعقد ہوں گی۔

بھارتی فوجیوں، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور پولیس اہلکاروں نے تقریب سے قبل تمام قصبوں میں تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔سرینگر کے تمام علاقوں اور وادی کشمیر اور جموں خطے کے دیگر قصبوں میں گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے اورمسافروں کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے تجارتی مرکز لالچوک تک لوگوں کی رسائی کو بھی خاردار تاریں لگاکر بند کردیا،سخت پابندیوں کی وجہ سے سرینگر شہر فوجی چھاونی میں تبدیل ہوکے رہ گیا ہے ۔۔