وزیراعظم شہباز شریف سے ترکیہ کے سفیرمہمت پیکاسی کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان میں ترکی کے سفیرڈاکٹر مہمت پیکاسی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی ۔شہبازشریف  کو دوبارہ  وزیر اعظم  منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ترکیہ کی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دوطرفہ خیرسگالی کے جذبات کا اظہار  کیا گیا۔مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے دوران کشمریوں کی مکمل حمایت پر ترکیہ کی قیادت سے اظہار تشکرکیا گیا  ۔  جبکہ  دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے ۔

وزیر اعظم نے دوبارہ منتخب ہونے کے فورا بعد صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے تہنیتی  ٹیلی فون کال اور مبارکباد کے پیغام  کی تعریف کی اور ترکیہ کی قیادت سے اظہار تشکرکیا ۔وزیراعظم  نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی دوطرفہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں اور غیر متزلزل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت کے سالانہ 5 ارب ڈالر کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دونوں فریقوں سے تجارت، دفاع، رابطوں اور ثقافت سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے( KAAN 5th  )جنریشن کے لڑاکا طیارے کی کامیاب پرواز پر ترکیہ کو مبارکباد دی۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر اعظم نے  ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے  مظلوم لوگوں کے لیے ترکیہ کی مضبوط اور مستقل حمایت کو سراہا۔ انہوں نے ترک جمہوریہ شمالی قبرص  کے  معاملے پر ترکی کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس دورے کے منتظر ہیں جو دونوں فریقوں کو اعلی سطح کے  اسٹریٹجک کوآرڈینیشن کونسل (HLSCC) کے ساتویں اجلاس کے دوران وسیع مشاورت کرنے کا ایک مفید موقع فراہم کرے گا۔