واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں 5 سے 11 سال کے بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کا آغاز ہوگیا ۔
گزشتہ ہفتے امریکی ادارے ایف ڈی اے نے چھوٹے بچوں کو فائزر، بائیو این ٹیک ویکسین لگانے کی منظوری دی تھی۔ امریکی انتظامیہ نے بتایا کہ 2 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو کورونا وائرس سے بچائوکیلئے فائزراوربائیواین ٹیک ویکسین لگائی جائے گی،ایف ڈی اے کی طرف سے چھوٹے بچوں میں فائزر ویکسین کی 10 مائیکروگرام خوراک کی اجازت دی گئی ، جو 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو دی جانے والی ویکسین سے 30 مائیکرو گرام سے کم ہے ۔
امریکی صدر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک اہم موڑ پر پہنچ گئے ۔یہ امریکا میں بچوں کو کووڈ ویکسین کا پہلا شاٹ ہوگا، ایف ڈی اے کے فیصلے سے توقع ہے کہ یہ ویکسین 28 ملین امریکی بچوں کو دستیاب ہو گی، جن میں سے اکثر سکول واپس آچکے ہیں۔چین، کیوبا اور متحدہ عرب امارات سمیت صرف چند دیگر ممالک نے ہی اب تک اس عمر اور اس سے کم عمر کے بچوں کے لیے کووِڈ 19 کی ویکسین کی منظوری دی ۔