اسرائیلی جارحیت کے خلاف کل دنیا بھر میں عام ہڑتال ہوگی

غزہ(صباح نیوز)  فلسطینی تحریک مزاحمت کی اپیل پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف کل دنیا بھر میں عام ہڑتال ہوگی۔ کل  اسرائیلی وزیر اعظم  نیتن یاہو امریکہ کا دورہ شروع کر یں گے ۔

وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی تحریک مزاحمت نے غزہ پر اسرائیل کی جنگ کے خلاف پیر کو عالمی عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے غزہ کے ہولناک مناظر اور اسرائیلی حملوں سے ہونے والی اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد کو اجاگر کرنے کے لیے ہڑتال کی اپیل کی ہے ۔

بیان میں جنگ کے خاتمے کے لیے مقامی اور بین الاقوامی کوششوں کو متحد کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے  اور غزہ میں اسرائیلی جرائم اور فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا احتساب کرنے پر زور دیا۔پیر کو اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو امریکا کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں اہم مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نیتن یاہو دورہ امریکا کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات میں ٹیرف اور ایران سمیت متعدد مسائل پر بات چیت کریں گے۔دورے کے ایجنڈے میں ترکی اور اسرائیل کے تعلقات، ایران سے خطرہ، اسرائیل کی غزہ پر جاری جنگ، ٹیرف اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خلاف لڑائی شامل ہے۔