پشین(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے سرانان میں رات گئے 3 مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔لیویز کے مطابق سرانان کیمپ میں خانہ بدوشوں کے جھونپڑی پر آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 3 جھونپڑیاں جل گئیں، آسمانی بجلی گرنے سے 50 جانور بھی ہلاک ہوگئے۔
قلات، خاران، مستونگ، نوشکی، پشین، سوراب، واشک میں بارش ہوئی ہے۔ چاغی میں طوفانی بارشوں کے باعث ہنگامی صورتحال ہوگئی جبکہ گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
سورگل ریلوے ٹریک کے قریب پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف رہی ۔مغربی سسٹم جنوب اور شمال سے بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، شمال بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے ساحلی اور شمال بالائی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، مغربی سسٹم سے پاک افغان اور پاک ایران سرحدی علاقے زیر اثر آگئے ۔