بلوچستان حکومت کو بھی رمضان پیکیج دینا چاہیے۔ مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلا می بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ رمضان المبارک سے قبل وفاق اور دیگرتینوں صوبائی حکومتوں کی طرح نئی بلوچستان حکومت کو بھی رمضان پیکیج دینا چاہیے رمضان المبارک میں گیس بجلی لوڈشیڈنگ سے استثیٰ دیاجائے حقیقی سستے بازاروں کاانعقاد کیا جائے غربت بے روزگاری اورمہنگائی کم آمدنی والوں سے رمضان کی خوشیاں چھین لیں گے ۔حکمرانوں کو عوام دوست پالیسی اپنا کر عوام کے مسائل کے حل میں دیانت داری واخلاص سے جدوجہد کرنا چاہیے ۔سستے بازاروں کے نام پر خالی ٹینٹ بازاروں کا انعقاد کرکے غرباء ومساکین کے زخموں پر نمک پاشی سے گریز کیاجائے۔اہل بلوچستان کو ایرانی پٹرول سستے قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے ۔چیک پوسٹوں اور بارڈرزپر بھاری رشوت لینے والے اہلکاروں کو قرارواقعی سزادیکر رشوت کے بازارکو بند کیا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت اورپی ڈی ایم اے بارش متاثرین کو سہولیات وضروریات کی فراہمی کرکے ان کی مددیقینی بنائیں ۔جامعہ بلوچستان کے ملازمین کو فوری تنخواہیں دی جائے ۔بلوچستان کے عوام کو سستے ایرانی پٹرول سے محروم کرنے والے عوام دشمن ہیں ۔سیکورٹی فورسز کی جانب سے ایرانی پٹرول پر غنڈہ ٹیکس لینے کے بجائے قانونی طریقے سے ایرانی پٹرول درآمد کرنے کی پالیسی بنائی جائے ۔امریکی غلامی،بزدل حکمرانی نے ایران سے گیس بجلی ودیگر تجارت میں رکاوٹیں ڈال دی ہیں۔ایران افغانستان سے اہل بلوچستان کے مفاد میں قانونی طریقے سے تجارت شروع کیا جائے۔بلوچستان کے تاجروں کو سیکورٹی فورسزکو بھاری رقوم دینے کے بجائے قومی خزانے میں ٹیکس جمع کرکے سرحدی تجارت کی سہولت دی جائے تاکہ بے روزگاری غربت میں کمی کی راہ ہموار ہوجائے ۔ رمضان المبارک میں زخیرہ اندوزوں ،مصنوعی مہنگائی کرنے والے ظالم تاجروں دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے ۔رمضان آرڈیننس پر قانونی طریقے سے عمل درآمد کیا جائے۔زخیرہ اندوزوں ،مصنوعی مہنگائی کرنے اور گرانفروشوں پر کھڑی نظررکھ کران عوام دشمن قوتوں قوتوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے#