برسلز(کے پی آئی)بیلجیم میں قائم ایک بین الاقوامی تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسز گروپ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قیام امن سے متعلق بھارتی حکومت کے دعوؤں اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے سرینگر کے دورے کے ایک دن بعد تھنک ٹینک نے وادی کشمیر کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی جس میں کہا گیاکہ جموں و کشمیر کے امن سے متعلق حکومت کے دعوؤں اور حقیقت میں بہت فرق ہے۔ رپورٹ میںخبردار کیا گیا ہے کہ جب تک سیاسی شمولیت اور شہری آزادی کی بنیادی باتوں پر عمل نہیں کیا جاتا،بھارت کے امن و سلامتی کے بیانیے کو علاقائی بدامنی کے مسائل کا سامنا ہوگا۔
رپورٹ میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کے حوالے سے کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں کی اگلی نسل کو دیوار کی طرف دھکیل رہاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام جموں و کشمیر میں ایک نئے دور کی بات کررہے ہیں جو کئی دہائیوں سے آزادی پسندوں کا گڑھ بناہوا ہے۔