سندھ ہائیکورٹ کا کراچی میں ایم نائن کے اطراف تجاوزات ہٹانے کا حکم

کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ایم نائن کے اطراف تجاوزات ہٹانے کا حکم دیدیا۔کراچی میں الآصف اسکوائر ، ایم نائن کے اطراف تجاوزات سے متعلق درخواست پر سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔عدالت نے ایم نائن کے اطراف زمین، این ایچ اے کی حدود سے متعلق تفصیلات طلب کرتے ہوئے تجاوزات ہٹانے کا حکم دیا۔

عدالت نے یہ بھی استفسار کیا کہ ایم نائن کے اطراف کتنے فٹ تک زمین سرکاری ملکیت ہے۔اس سے قبل درخواست گزار نے عدالت میں موقف اپنایا کہ عدالتی حکم کے باوجود تجاوزات قائم ہو رہی ہیں، پولیس کو شکایت کرتے ہیں تو دھمکیاں دی جاتی ہیں۔درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ نے انتظامیہ کو الآصف اسکوائر سے تجاوزات ختم کرانے کاحکم دیا تھا، عدالت نے تجاوزات ختم کرکے سروس روڈ، گرین بیلٹ بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔