لاہور (صباح نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جنگ قوم اور فوج نے ملکر جیتی ہے دشمن ایک مرتبہ پھر اس حوالہ سے سرگرم ہے جس کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ،پی ٹی آئی کی حکومت گورننس کو یقینی بنا کر دم لے گی مضبوط بلدیاتی سٹم جمہوریت کے لئے ناگزیر ہے، بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں ،پہلا مرحلہ 15 مئی سے شروع ہورہا ہے،مشکل حالات میں حکومت نے ڈیلیور کیا ہے،آنے والا وقت بھی پی ٹی آئی کا ہے، ہم میڈیا کی آزادی مضبوط جمہوریت کے لیے ناگزیر سمجھتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے دوران گفتگو میں کیا۔ کلب کے صدر اعظم چوہدری کی قیادت میں وفد نے چوہدری محمد سرور سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر لاہورپریس کلب کی نائب صدر ناصرہ عتیق، گورننگ باڈی کے ممبران سعدیہ خان، روبا عروج، احمر کھوکھر،عاطف پرویز، ظہیر شیخ،ذولقرنین رانا،ڈاکٹر شجاعت حامد، رضوان شمسی،سینئر صحافی سلمان غنی، پی ایف یوجے کے جنرل سیکرٹری رانامحمد عظیم ، نعیم مصطفی و دیگر نے شرکت کی۔
پنجاب کے گورنر نے میاں نوازشریف کی واپسی کے سوال پر کہا کہ برطانیہ کے امیگریشن کے قوانین سخت اور پیچیدہ ہیں،سابق وزیر اعظم کی واپسی کا فیصلہ ان کی جماعت نے کرنا ہے، وہ کب واپس آئیں گے یہ نون لیگی قیادت ہی بتا سکتی ہے۔چوہدری سرور کا کہنا تھاکہ شہریوں کو پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے لیے آب پاک اتھارٹی بنائی ہے، 31 مارچ تک صوبے کے ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو صاف پانی مہیا ہوگا، لاہور میں 22 بند واٹر فلٹریشن پلانٹ کو بغیر حکومتی گرانٹ کے فنکشنل کیا ہے، این جی او زکے تعاون سے صاف پانی کی فراہمی کاسلسلہ جاری ہے جس سے قومی خزانے سے ایک روپیہ خرچ نہیں کیا گیا۔
چوہدری سرور کامزید کہنا تھاکہ میڈیا میں تحقیق کے عمل کو بڑھانا چاہیے اور عالمی صحافتی تنظیموں سے اشتراک کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھاکہ صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے تعاون حاصل کرنے میں اپنا بھرپورکردار ادا کروں گا،پنجاب حکومت سے بھی اس حوالے سے بات کروں گا۔ چوہدری سرورنے کہا کہ امریکہ اور یورپ نے پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کاوشوں کو سراہا ہے۔
اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری نے صحافی کالونی میں بی بلاک کے قبضے واگزار کرانے اور ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں میں درپیش مسائل اور فیز ٹو کے جلد قیام کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے کلب کو درپیش معاشی مسائل اور دو کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ کی بحالی کا فوری اہتمام کرنے کا بھی کہا تاکہ ممبران کی لائف انشورنس کی ادائیگی ممکن بنائی جاسکے اور حال ہی میں وفات پانے والے تین ممبران کے لواحقین کو انشورنس کے کلیم کی ادائیگی کی جاسکے۔
گورنرپنجاب نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے معاملات جلد طے کرنے کاوعدہ کیااور کہاکہ وزیر اعلی پنجاب ،سپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی حکومت سے فوری معاملات طے کروانے میں اپنا بھرپورکردار ادا کروں گا۔ انھوں نے صحافیوں کے معاملات کے حوالے سے پنجاب اسمبلی میں قانون سازی ترجیحی بنیادوں پر کروانے کا بھی اعلان کیا