کراچی(صباح نیوز)عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے سوال کیا ہے کہ کیا عورتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حالت زار سے واقف ہیں؟ یا پھر بھی عافیہ کے دکھوں پر ان کی آنکھیں بند ہیں۔
خواتین کے عالمی دن کے موقع پرعافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مغرب کا خواتین کے حقوق پر دوہرا معیار افسوسناک ہے۔کیا مسلمان عورتوں کے حقوق انسانی حقوق کے دائرے سے باہر ہیں؟ انہوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم خواتین کا مسلسل قتل عام مغرب کی طرف سے خواتین کے حقوق کے حوالے سے دوہرے معیار کی ایک شرمناک مثال ہے۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ نئی کابینہ اس معاملے کو امریکیوں کے ساتھ اٹھائے گی۔انہوں نے یاددہانی کرائی کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عافیہ کی رہائی کے بہت سے سنہرے مواقع ضائع کیے تھے۔ تاہم انہوں نے اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ اب بھی یاد ہے۔
ڈاکٹر فوزیہ نے جماعت اسلامی کے سبکدوش ہونے والے سینیٹر مشتاق احمد خان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عافیہ صدیقی کا مقدمہ آخر تک یاد رکھا اور اس معاملے پر سینیٹ میں ہمیشہ جرات مندانہ موقف اختیار کیا۔عافیہ موومنٹ کے ترجمان محمد ایوب نے حقوق نسواں کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ ٹیکساس کی ایف ایم سی کارسویل جیل میں ڈاکٹر عافیہ پر جسمانی، ذہنی اور جنسی تشدد کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پاکستان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں پاکستانی سفارت خانے کی اہلکار عائشہ فاروقی نے عافیہ سے جیل میں ملاقات کی تھی اور جیل میں عافیہ کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور تشدد کے بارے میں بتایا تھا۔ بعد میں امریکی وکلاء بشمول کلائیو اسٹافورڈ اسمتھ نے بھی عافیہ پر تشدد کے نشانات دیکھے اور متعلقہ حکام کو اس کی اطلاع دی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ کلائیوا سٹافورڈا سمتھ پہلے ہی مطالبہ کر چکے ہیں کہ عافیہ صدیقی کو ایف ایم سی کارسویل سے کسی اور عام امریکی جیل میں منتقل کیا جائے، تاہم اس سلسلے میں انہیں فعال حکومتی تعاون کی ضرورت ہے۔