امیرجماعت اسلامی سندھ کی کورنگی میں مزاہمت پرڈاکوؤں کے ہاتھوں طالبعلم لاریب کے قتل کی مذمت

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کورنگی میںن جی یونیورسٹی کے طالبعلم اورمصنف لاریب کی ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل کے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی سے کشمور صوبہ سندھ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اورلاقانونیت سے عوام کے اندرعدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،امن وامان کے نام پربجٹ میں خطیررقم رکھنے کے باوجود عوام غیرمحفوظ ہیں۔صوبائی دارالخلافہ کراچی میں صرف گذشتہ دوماہ کے دوران جرائم کی 15ہزاروارداتیں،26شہریوں کا قتل اورہزاروں لوگوں کو اپنی قیمتی گاڑیوں سے محروم کردیا گیاجوسندھ حکومت کی ناکامی اورانتظامیہ کی نااہلی ہے۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ کچے اورپکے کے ڈاکوؤں کے خلاف بے رحمانہ آپریشن اورپولیس کوغیرسیاسی بنائے بغیر امن بحال اورڈاکوراج کا خاتمہ ناممکن نظر آتا ہے،حکومت شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے حکومتی نااہلی کی وجہ سے اس وقت پوراصوبہ بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے،اغوابرائے تاوان ایک منافعہ بخش کاروبار کی شکل اختیار کرگیا ہے عوام پہلے ہی مہنگائی بے روزگار اورکمرتوڑ یوٹیلٹی بلز کی وجہ سے سخت پریشان تھے بدامنی کی صورتحال نے ان کی زندگی اجیرن بناکررکھ دی ہے۔