حریت کانفرنس کا26 جنوری بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان


سرینگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے26 جنوری ، بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا نے کا اعلان کرتے ہوئے  کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھرپور طریقے سے یوم سیاہ منائیں اور مادروطن پربھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے پورے علاقے میں سول کرفیونافذ کریں۔

مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ملک کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرکی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں جہاں بھارتی مظالم کی وجہ سے لوگوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فورسز اہلکاروں کی طرف سے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے سلسلے میں نام نہاد حفاظتی اقدامات کے نام پر کشمیری عوام کوخوف و ہراس میں مبتلاکرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ سرینگر اور مقبوضہ علاقے کے دیگر علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف علاقے پر غیر قانونی طور پر قبضہ کررکھا ہے۔