ڈینٹی فاسٹ فوڈ : تحریر محمد اظہر حفیظ


انیس سو ستاسی سے پہلے مجھے فاسٹ فوڈ کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا ۔
میرا داخلہ فیڈرل کامرس کالج ایف ایٹ اسلام آباد میں ہوگیا یہ تیس نمبر گلی میں واقع تھا جب اس گلی سے کچہری کی طرف نکلتے تو پہلی کھانے پینے کی جگہ ڈینٹی فاسٹ فوڈ اتا تھا۔ میں کیونکہ ایک خالص لائلپور کا پینڈو بچہ تھا اور سرگودھا سے آیا ہوا میرا دوست شفاقت حسین جو کہ فیملی جیولرز جناح سپر کے مالک تھے وہ کچھ کچھ اسلام آباد کو سمجھتا تھا۔ وہ مجھے پہلی دفعہ ڈینٹی فاسٹ فوڈ لیکر گیا ہم نے سوپ پیا اور اب ہم اکثر ڈینٹی جاتے اور کبھی چکن پیٹیز برگر اور کبھی چکن فلے برگر کھانے ۔شاشلک رائس، کولڈ کافی ود آئس کریم بھی یہیں سے ہم سے متعارف ہوئی۔ اب اتنا ریگولر جاتے تھے کہ سٹاف کے ساتھ ساتھ ہماری انکے مالکان جاوید بھائی اور سرفراز بھائی سے بھی دوستی ہوگئی۔ ڈینٹی کی ساری ٹیم موجودہ اور پرانی ٹیمیں میری دوست ہیں۔
ہفتے دو ہفتے بعد چکرلگتا ہے یا وہ ہمارے گھر بھی کھانا بھجوا دیتے ہیں۔ جانے کی تین وجوہات ہیں اچھا کھانا، صاف ستھرا کچن اور پرانے تعلقات ۔
بیٹیوں نے پیزا بنانا بھی ڈینٹی کے چیف سے سیکھا کیونکہ ہمارے لیے ہمیشہ ڈینٹی کے دروازے کھلے رہتے ہیں۔ لیور ٹرانسپلانٹ کے بعد جانا کم ہوگیا لیکن گھر پر اکثر بچے کھانا منگوالیتے ہیں۔ پیزا ہم گھر سے آڈر کرتے ہیں اور وہاں پہنچنے تک تیار ہو جاتاہے اس طرح مناسب وقت کی بچت ہو جاتی ہے۔ میرے دوست کہیں سے بھی آئیں میں انکو ڈینٹی لے جاتا ہوں تو انکو کھانا پسند آتا ہے سٹاف بھی تعاون کرتا ہے۔ بڑی بڑی فلم سٹار اور ڈرامہ ایکٹریسز بھی میرے ساتھ ڈینٹی جا چکی ہیں۔ آج کل آصف بھائی اور کاشف بھائی بطور مینیجر اس کو دیکھتے ہیں۔ اٹھارہ دسمبر 2023 میری سرجری ہوئی اس کے بعد یکم جنوری کو میں واپس اسلام آباد آگیا لیکن باہر کم ہی نکلتا ہوں۔ آج بچوں ساتھ ڈینٹی جانا ہوا کھانا کھا کر آصف سے گپ شپ کرنے چلاگیا۔ کیونکہ جاوید بھائی گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے انکا حال دریافت کرنا ہوتا تھا۔ ابھی جاوید بھائی کا نام لیا تو اس سے آگے آصف شروع ہوگیا کہ سر جاوید صاحب کے جنازے میں آپ نظر نہیں آئے میں نے اس سے کہا بیٹے مجھے کسی نے بتایا نہیں میں لاہور تھا۔ پہلے جاوید صاحب آئی نائن رہتے تھے اب کہیں نئی آبادی میں شفٹ ہوگئے ہیں ۔ ان کی کزن ارم عامر پی ٹی وی میں ہمارے ساتھ ہوتی ہیں۔ انھوں نے بھی اطلاع نہیں دی۔ میرے ذہن میں سارا وقت گزرنے لگا کئی دفعہ انکے گھر بھی گیا۔ خاص طور پر جب انکے فاسٹ فوڈ پر سیلز ٹیکس کی بھاری رقم بطور جرمانہ نافظ کی گئی تو اس سے انکی صحت متاثر ہونا شروع ہوئی۔
تو میں نے آصف سے پوچھا کہ اب سرفراز بھائی اس کو دیکھتے ہیں کہنے لگے نہیں اظہر صاحب یکم جنوری 2024 کو جاوید صاحب انتقال کر گئے اور تیرہ جنوری کو ڈینٹی سیل ہوگیا سرفراز صاحب بھی دل برداشتہ ہوگئے کہ چار دہائیوں کا ساتھ تھا اب میں اس کو اکیلا کیسے چلاؤں جاوید صاحب کے بچے ملک سے باہر ہیں اور انھوں نے ڈینٹی سیل کردیا ۔ میری ڈینٹی سے 37 سال کی رفاقت تھی میں اداس ہوگیا سرفراز بھائی اداس ہونا تو یقینی تھا۔ میرے سارے قریبی دوست ڈینٹی فاسٹ فوڈ کو جانتے ہیں ۔ کیونکہ سب وہاں جاچکے ہیں۔ اللہ تعالیٰ جاوید بھائی کیلئے اگلے جہاں کو آسان بنائیں آمین جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے آمین انکی فیملی دوست احباب اور ٹیم کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین