غیرت کے نام پر 2بھائیوں نے اپنی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا


ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز) غیرت کے نام پر علاقہ ڈھکی میں 2بھائیوں نے اپنی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، لوگوں کے سامنے جرم چھپانے کیلئے اپنی بہن کی موت طبی ظاہرکرکے جنازہ پڑھا کر دفنا دیا، پولیس نے واقعہ کا علم ہونے پر قتل ہونیوالی خاتون کے بھائیوں کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ پہاڑ پور میں ایس ایچ او پہاڑ پور ثمر عباس نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ اس کو اطلاع ملی کہ 20فروری 2024کو مسماة شاہین بی بی دختر شریف کمہار سکنہ ڈھکی کو اس کے بھائیوں شکیل اور عقیل نے غیرت کے نام پر پستول سے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، اور جرم چھپانے کی خاطر اپنی بہن کی موت کو بقضائے الٰہی قرار دیکر باقائدہ جنازہ پڑھایا اور دفنا دیاہے، اس اطلاع پر علاقہ میں کافی چہ مگوئیاں شروع تھیں اس وجہ سے پولیس نے اپنی تفتیش کا آغاز کیا تو معلوم ہوا کہ مسماة شاہین کو اس کے خاوند جاوید بلوچ نے بدچلنی کی بناء پر 18فروری کو طلاق دی جوکہ مسماة شاہین بی بی بعداز طلاق اپنے والد کے گھر ڈھمکی آگئی جس کو اس کے بھائیوں شکیل اور عقیل نے قتل کرنے کامنصوبہ بنایا اور 20فروری 2024کو رات 1بجے مسماة شاہین بی بی اپنے والد کے کمرہ میں موجود تھی تو دونوں ملزمان بھائیوں نے کمرہ میں جاکر شکیل بھائی نے اپنی بہن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، اور وقوعہ کو چھپانے کی خاطر ملزمان اور ان کے والد شریف کمہار نے صبح مسماة شاہین بی بی کی موت طبی ظاہر کرکے اس کا جنازہ پڑھا کر دفنا دیا۔