گڈ گورننس کے ذریعے خود کو ثابت کریں گے،علی امین گنڈا پور


پشاور(صباح نیوز)پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے ذریعے خود کو ثابت کریں گے، صوبے میں امن و امان کے قیام، صحت کارڈ کی بحالی اور تعلیمی نظام کی بہتری پر توجہ دیں گے۔

نامزد وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ایک نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ممبران اسمبلی کے حلف لینے کے بعد بانی پی ٹی آئی سے وزرا کے ناموں کی حتمی منظوری لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ الیکشن جیتنے والے پی ٹی آئی کے 55فیصد نئے ممبران اسمبلی میں پہنچے ہیں اور ان انتخابات نے پارٹی کے ساتھ مخلص رہنے والوں اور مفاد پرستوں کی شناخت کرائی۔ علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پہلے بھی اپنی مرضی سے ایسی ٹیم کا انتخاب کیا تھا جو ورلڈکپ جیت چکی تھی اس بار بھی کارکردگی کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی ارکان کو ذمہ داریاں دیں گے۔

نامزد وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ باتوں پر نہیں عملی کام پر یقین رکھتے ہیں، گڈ گورننس سے خود کو ثابت کریں گے اوراپنے ویژن کے مطابق عوامی بجٹ دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرا مشن عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش ہے، صوبے میں امن و امان کے قیام، صحت کارڈ کی بحالی اور تعلیمی نظام کی بہتری پر توجہ دیں گے، ہم اپنے پلان کو کو عملی طور پر لاگو کرکے دوربارہ میدان میں اتریں گے۔