سرینگر:مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں لوگوں نے قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوںکے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ضلع کے علاقے ترہگام کے رہائشیوں نے بجلی ٹرانسفارمر کی مسلسل خرابی اور اسکی مرمت نہ کرنے پر پاور ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی) کے خلاف کپواڑہ چوکی بل شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی آمد ورفت کافی دیر تک معطل رہی ۔ مظاہرین نے انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے اور ٹرانسفارمر کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔مظاہرے میں شریک لوگوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ٹرانسفارمر کی خرابی کی وجہ سے انکے علاقے میں گزشتہ چھ روز سے بجلی غائب ہے ۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کی بے حسی کیوجہ سے وہ سڑکوںپر آنے پر مجبور ہو ئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے ہسپتال بھی بجلی سے محروم ہیں جسکی وجہ سے مریضوں کو کافی مشکلات درپیش ہیں اور ایکسرے مشینیں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہیں۔مظاہرین نے پی ڈی ڈی حکام پر زور دیا کہ وہ ٹرانسفارمر کی فوری مرمت کروائے۔۔۔