بھارت حریت رہنماؤں کو مسلسل نظر بند رکھ کر انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے،حریت کانفرنس


سرینگر: مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی جھوٹے مقدمات میں مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداے نظر بند رہنماؤں کی حالت زار کا نوٹس لے کر انکی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں،کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت حریت رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں مسلسل نظر بند رکھ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کی سرپرستی میں قائم بی جے پی کی ہندو توا حکومت حریت رہنماؤں کو تاحیات سلاخوں کے پیچھے رکھنے کے لیے اپنی کٹھ پتلی عدلیہ کا استعمال کررہی ہے۔ ترجما ن نے کہا کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ اور دیگر جیلوںمیں نظر بند حریت رہنماؤں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جسکی وجہ سے اکثر نظر بندوں کی صحت انتہائی گرچکی ہے اور وہ کئی عوارض میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی پاداش میں بھارت انہیں بے انتہا مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں نظر بند تمام کشمیری حریت رہنما اور کارکن سیاسی قیدیوں کا درجہ رکھتے ہیں لہذا یہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادادوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نظر بند رہنماؤں کی حالت زار کا نوٹس لیں اور انکی رہائی کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جموں وکشمیر عالمی سطح پرتسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے اور تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل تک خطے میں دیر پاامن ہرگز قائم نہیں ہوسکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود اپنی تحریک آزادی عزم و ہمت کے ساتھ آگے بڑھا رہا ہے اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔