برسلز(صباح نیوز) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ کنن۔پوشپورہ جیسے وحشت ناک واقعات مقبوضہ کشمیر کی خواتین کی دردناک تاریخ کا حصہ ہیں اور خواتین کے ساتھ بدترین جنسی زیادتی اور تشدد پر مبنی اس طرح کے انسانیت سوز واقعات انسانی ہمدردی رکھنے والے دنیا کے تمام افراد کے لیے ناقابل فراموش ہیں۔یادرہے کہ آج سے 33 سال قبل یعنی23 فروری 1991 کی رات بھارتی فوج کی راجپوتانہ رائفل کے اہلکاروں نے ضلع کپواڑہ کے دوگاں کنن اور پوشپورہ کو تلاشی کے بہانے محاصرہ میں لے کر وہاں درجنوں خواتین کی بے حرمتی کی اور انہیں جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایاتھا۔ اس طرح بہت سے اور واقعات بھی مقبوضہ کشمیر میں رونما ہوئے ہیں جن میں خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔کنن اور پوشپورہ کے انسانیت سوز واقعات کے حوالے سے چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے برسلز سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاکہ تمام اقوام عالم کے لیے یہ انتہائی غور طلب بات ہے کہ اس طرح کے واقعات اب بھی مقبوضہ کشمیر میں جاری ہیں۔
انہوں نے یورپی یونین سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کنن پوشپورہ کے واقعے اور اسطرح کے دیگر واقعات میں ملوث عناصر کو سزا دلوانے کے لیے اپنا اثر رسوخ استعمال کرے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے بتایاکہ مقبوضہ کشمیر میں بڑی تعداد میں خواتین مشکلات کا شکارہیں۔ ہزاروں خواتین ایسی ہیں جن کے مرد بھارتی فوج کے ہاتھوں جبری طورپرلاپتہ ہوچکے ہیں۔ کسی کا خاوند ، کسی کا باپ ، کسی کابھائی اور کسی کابیٹالاپتہ ہے ۔ یہ افراد ماورائے عدالت جعلی مقابلوں میں مارے جاچکے ہیں یا ان میں سے کئی آج تک لا پتہ ہیں۔ ان کی خواتین اپنے پیاروں کی منتظرہیں۔ مشکلات کایہ سلسلہ سات دہائیوں سے جاری ہے لیکن ان خواتین کے مصائب کم نہیں ہورہے۔
ان میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کشمیریوں کے حقوق کی پامالیوں کو یورپی یونین کی سطح پر اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے مظلوم لوگوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی روک تھام کے لیے بھارت پر دباو ڈالے، خاص طور پر کشمیری خواتین کے مصائب کو کم کرنے کے لیے اور انکے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ کنن۔پوشپورہ کے واقعے میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو بلاتاخیر سزا دلوانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالا جائے اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ٹریبونل بنایاجائے ۔