انتونیو گوتریس کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔مسرت عالم بٹ

 سری نگر: نئی دہلی تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا ہے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے اور نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے جاری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔

مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ تقریبا 10لاکھ بھارتی فوجیوں کی موجودگی نے مقبوضہ جموں وکشمیرکو دنیا کا سب سے زیادہ فوجی جماؤ والا علاقہ بنا دیا ہے جہاں انسانی جان اپنا احترام، وقار اور قدر کھو چکی ہے۔ . انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے ماورائے عدالت قتل،بلاجواز گرفتاریاں، تشدد اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی دیگر خلاف ورزیاں روز کا معمول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے لیے یہ بہترین وقت ہے کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کو عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کرے ۔ مسرت عالم بٹ نے خبردار کیا کہ تنازعہ کشمیرکے حل میںمزید تاخیرسے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پورے خطے کے لیے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔