نئی دہلی:نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قیدجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کو بھارتی جیل میں قید کے پانچ سال مکمل ہوگئے ہیں 60سالہ یاسین ملک کو نئی دہلی کی ایک خصوصی عدالت نے مئی 2022 میںدہشتگردوں کی مالی معاونت کے مقدمے میں عمرقید کی سزا سنا دی ہے۔یاسین ملک کو آخری بار22 فروری 2019 میں سری نگر سے گرفتار کیا گیا تھاان پر2017 میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں دہشت گرد کاروائیوں، دہشت گردی کے لیے مالی وسائل فراہم کرنے، حملے اور وطن سے بغاوت جیسے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے ریاست جموں کشمیر کے ہر دلعزیز قومی رہنما قائد انقلاب و محبوس پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کو بھارت کی جانب سے غیر قانونی نظربندی کے پانچ سال مکمل ہونے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری اپنے بیان میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان محمد رفیق ڈار نے کہا کہ آج ہی کے روز بھارتی فورسز نے سال میں یاسین ملک کو اپنی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے پہلے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں جیل اور بعد ازاں مئی کے مہینے میں دہلی تہاڑ جیل منتقل کر کے بھارتی حکومت نے ان کے خلاف ملک کے بدنام زمانہ قومی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کے زریعے دہشت گردی کے فرضی و من گھڑت مقدمات دائر کر دئے۔
ترجمان نے کہا کہ سیاسی انتقام گیری کا نشانہ بناتے ہوئے نریندر مودی کی قیادت میں بھارت کی موجودہ انتہا پسند حکومت کی ایما پر دہلی کی خصوصی عدالت نے انہی فرضی مقدمات کی پاداش میں یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی اور اب حکومت انہیں پھانسی کی سزا دلوانے پر تلی ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق سنگین فرضی مقدمات کے دائر کرنے، وکیل صفائی یا خود کی عدم موجودگی میں یکطرفہ عدالتی کاروائیوں کے نتیجے میں سزائیں دلوائے جانے، سخت ترین قید تنہائی اور عدم سہولیات کی وجہ سے صحت کی مسلسل خرابی کے باوجود یاسین ملک کے جذبوں اور حوصلوں میں فرق نہ آسکی۔ ترجمان نے یاسین ملک کو جہد مسلسل، صبرو استقامت اور بہادری و شجاعت کی علامت قرار دیتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے جذبہ حریت سے سرشار آزادی کے ایسے علمبردار مرعوب نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو یار رکھنا چاہئے کہ یاسین ملک بے خوف اور نڈر آزادی پسند کشمیری رہنما ہیں جنہوں نے کم و بیش اپنی آدھی عمر بھارت کے سخت ترین زندانوں میں گذاری لیکن آج تک ان کے پایہ استقلال میں کمی نہیں آئی۔لبریشن فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے عزم و ہمت کے مظاہرے اور لازوال قربانیوں کے پیش نظر یاسین ملک سمیت جملہ اسیران کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا فخر قرار دیا ہے۔ بیان کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ شہدائے جموں کشمیر اور جملہ اسیران کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتا ہے