جرمن قونصلیٹ کراچی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز کا پاکستان سپورٹس گڈز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایس جی ایم ای اے)کا دورہ

سیالکوٹ(صباح نیوز)جرمن قونصلیٹ کراچی کے قونصل جنرل ڈاکٹر روڈیگر لوٹز نے پاکستان سپورٹس گڈز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن(پی ایس جی ایم ای اے)کا دورہ کیا، اس دورے کے دوران فرسٹ سیکرٹری جرمن ایمبیسی اسلام آباد جینین روہور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) جرمن اماراتی جوائنٹ کونسل برائے صنعت و تجارت اولیور اوہمس بھی ان کے ہمراہ تھے،چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم آی اے) ارشد لطیف بٹ، وائس چیئرمین ضرار ڈوڈھی اورجنرل سیکرٹری محسن مسعود نے معزز مہمانوں کو پی ایس جی ایم ای اے آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کا پرتپاک استقبال کیا،

پی ایس جی ایم آی اے کے آڈیٹوریم میں منعقدہ ایک اہم اجلاس کے دوران پاکستان سپورٹس گڈز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایس جی ایم ای اے) کے چیئرمین ارشد لطیف بٹ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے 1951 سے دوستانہ و سفارتی تعلقات ہیں اور پاکستان وفاقی جمہوریہ جرمنی کے ساتھ تعلقات قائم کرنے والے پہلے ایشیائی ممالک میں سے ایک ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم جرمنی کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور کثیر جہتی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں، چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز اینڈ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی توسیع میں جرمنی کے کردار کو تسلیم کرتا ہے اور اسے سراہتا ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ جی ایس پی پلس مراعات کے تحت پاکستانی مصنوعات کی وسیع رینج بشمول گارمنٹس، ہوزری، چمڑے، کھیلوں کے سامان، سرجیکل سامان اور اسی طرح کی اشیا نے یورپی یونین کی مارکیٹ تک رسائی حاصل کی ہے جس سے نہ صرف پاکستان کے برآمدی شعبے کو تقویت ملی ہے بلکہ اس نے جرمنی اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، قونصل جنرل جرمن قونصلیٹ کراچی روڈیگر لوٹز نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو تسلیم کیا،

روڈیگر نے مزید کہا کہ پاکستان اور جرمنی تجارتی اعداد و شمار کو بڑھانے اور عوام سے عوام کے روابط کو بہتر بنانے کے لیے مزید دو طرفہ مصروفیات کر سکتے ہیں،فرسٹ سیکرٹری جرمن ایمبیسی اسلام آباد جینین روہور نے اس بات کو یقینی بنایا کہ جرمن سفارت خانہ جی ایس پی پلس کے 27 کنونشنز کی تعمیل میں سیالکوٹ کی صنعت کی مدد کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، انہوں نے کاروباری برادری سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ جرمنی کے دورے سے قبل چھ ہفتے (صارفین کی میٹنگ) اور 10 ہفتے (نمائش میں شرکت) کا منصوبہ بنائیں تاکہ جرمن سفارت خانے سے ویزوں کے بروقت حصول کو یقینی بنایا جا سکے، سیالکوٹ کی تاجر برادری کی کثیر تعداد نے اجلاس میں شرکت کی۔